18 مئی 2021 - 13:55
فلسطینی مزاحمت صہیونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے

تحریک جہاد اسلامی کے فوجی بازو سرایا القدس نے بھی عسقلان میں صیہونی بستی کو میزائلی حملوں کا نشانہ بنایا ہے ۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فلسطین کے استقامتی محاذ نے صیہونی حکومت کے جرائم کے جواب میں مقبوضہ فلسطین میں عسقلان اور سدیروت صیہونی بستیوں پر میزائلی حملے کئے ہیں

فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس کے فوجی بازو عزالدین قسام بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی بستیوں عسقلان سدیروت پر دسیوں میزائل داغے گئے ہیں ۔

اسلامی استقامتی محاذ نے پیر کے دن صیہونی بستیوں پر ایک سو نوے راکٹ اور میزائل فائر کئے تھے۔

فلسطینی استقامتی گروہوں نے اس سے قبل زور دے کر کہا تھا کہ استقامتی محاذ صیہونی حکومت کے حملوں کا براہ راست جواب دیں گے اور صیہونی فوج کے حملوں کا جواب دینے میں ذرہ برابر دریغ نہیں کریں گےصیہونی حکومت نے حالیہ دنوں میں بیت المقدس ، غرب اردن اور غزہ پٹی میں سنگین جرائم انجام دیئے ہیں۔

غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کے حملوں کی نئی لہر میں جو گذشتہ ہفتے پیر سے شروع ہوئی ہے اور اب بھی جاری ہے ، کم سے کم دوسو بیس فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں ساٹھ بچے ہیں اور زخمیوں کی تعداد پانچ ہزار چھے سو سے زیادہ ہے ۔

صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کے جواب میں فلسطین کے استقامتی گروہوں نے مقبوضہ فلسطین کے سبھی شہروں پر میزائلوں اور راکٹوں کی بارش کی ہے درایں اثنا مسجدالاقصی اور اس کے اطراف میں واقع محلے بالخصوص باب العامود ، صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جنگ کا میدان بنا ہوا ہے۔ایسے عالم میں جب صیہونی حکومت کے بیت المقدس کو یہودیت کا رنگ دینے کے منصوبے ، شیخ جراح کے محلے سے فلسطینیوں کو نکال کر اس پر قبضہ کرنے اور فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے نکال باہر کرنے جیسے اشتعال انگیز اقدامات کے خلاف فلسطینیوں کے مظاہروں کا دائرہ وسیع ہوگیا ہے ، مظاہرہ کرنے والےفلسطینیوں پر صیہونی فوجیوں کے حملوں اور جھڑپوں کا دائرہ بھی پھیل گیا ہے۔

بیت المقدس کے فلسطینی باشندوں نے زور دے کر کہا ہے کہ وہ صیہونی حکومت کو بیت المقدس کو یہودیت کارنگ دینے اور مسجد الاقصی کو زمان و مکان میں تقسیم کرنے کے منصوبے کو ہرگز آگے برھانے نہیں دیں گے ۔

دوسری جانب غزہ کے مقامی اور صحافتی ذرائع نے صیہونی حکومت کے جرائم میں شدت ، رہائشی عمارتوں پر حملے اور فلسطینی شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کی خبر دی ہے ۔الجزیرہ ٹی وی نے رپورٹ دی ہے کہ فلسطین کے بعض طبی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ غزہ پٹی پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد دوسو بارہ تک پہنچ گئی ہے اور ان حملوں میں ایک سو سے زیادہ عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں ۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے صیہونی حکومت کے حملوں کو رکوانے کے لئے ایک ہفتے میں تین اجلاس منعقد کر چکی جن کا امریکہ کی رخنہ اندازیوں کی بنا پر کوئی واضح نتیجہ نہیں نکلا ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲